تاریخِ عالم و اسلامریاست اور سیاست

فتح بیت المقدس اور صلیبی جنگیں ۔ حصہ سوئم

اس فتح عظیم کے بعد بیت المقدس پر تقریباً سات سو باسٹھ سال تک مسلسل مسلمانوں کا قبضہ رہا۔ تا آنکہ 1948ء میں  امریکہ ، برطانیہ اور فتنہ گر فرانس کی عالمی سازش سے مسلم دنیا کے عین وسط میں فلسطین کے علاقہ میں یہودی ریاست قائم کر دی گئی

امن کے نام نہاد علمبردار یورپ کی متحدہ عیسائی طاقتوں کی طرف سے مذہب کے نام پرعالم اسلام کیخلاف کھلی جارحیت اور عالمی دہشت  گردی کی علامت صلیبی جنگوں کے حوالے سے اپنے گذشتہ مضمون "صلیبی جنگیں اور تاریخ سیاہ ست – حصہ اول " میں پہلی صلیبی جنگ کے اسباب  شروعات اور پھر  سقوط بیت المقدس ، صلیبی جنگیں حصہ دوئم میں سقوط بیت المقدس کے حالات و واقعات قلمبند کیے تھے۔

اول تا آخر تمام صلیبی جنگوں کے حوالے سے یہ تاریخی حقیقت و اعتراض انتہائی اہم  ہے کہ صدیوں پہلے کی صلیبی جنگوں میں بھی پورے یورپ کے صلیبی اتحاد  ہزاروں میل دور سے آ کر ترک و عرب کی مسلم ریاستوں پر حملہ آور ہوتے رہے۔ اور آج بھی  سامراج اور نیٹو کا  صلیبی اتحاد ہزاروں میل دور سے آ کر مسلم ممالک پر یلغاروں سے  دہشت و بربریت پھیلا رہا ہے۔ دس صدیاں پہلے بھی ان صلیبی طاقتوں کو تمام اسلام دشمن عناصر اور ننگ ملت غداروں کی حمایت و مدد حاصل تھی اور آج  بھی سب صیہونی فتنہ گر، عیار ہندوآتہ، فتنہء قادیانیت، دین دشمن سیکولر عناصر اور ننگ ملک و ملت  ان کے حلیف و  ہمزاد  ہیں۔  

سقوط بیت المقدس کے بعد سلجوقی مسلم سلطنت کے انتشار اورعہد زوال کے دوران ہی زنگی سلطنت کی بنیاد رکھنے ولے سلطان عماد الدین زنگی کی مجاہدانہ شخصیت جارح عیسائیوں کیلئے موت کا پیغام بن کر ابھری۔ عماد الدین زنگی نے سقوط بیت المقدس کے بعد مایوس امت مسلمہ کے جذبات ملی کو گرما کر انہیں نئی زندگی اورامیدِ صبح بخشی۔ اس کے دور حکومت کی شروعات میں ہی موصل ، حران ، حلب وغیرہ کے علاقوں کو فتح کر کے زنگی سلطنت میں شامل کر لیا گیا تھا ۔

عماد الدین نے جس جرات اور دلیری سے صلیبی حملہ آوروں کے دانت کھٹے کیے وہ تاریخ اسلام کا قابل فخر سنہری باب ہے۔ اس نے قلعہ اثارب اور مصر کے سرحدی علاقوں سے عیسائیوں کو باہر دھکیل کر اسلامی ریاست میں شامل کیا ۔ اسی طرح شام کے محاذ پر بھی صلیبی فوجوں کو ہزیمت کا مونہہ دیکھنا پڑا اور مسلمانوں نے شام کے وسیع و عریض علاقے پر بھی قبضہ کر لیا۔ عماد الدین زنگی کا سب سے بڑا کارنامہ لبنان کے اہم قدیمی شہر بعلبک پر دوبارہ اسلامی قبضہ ہے۔

عماد الدین کی وفات کے بعد اس کا نامور بیٹا سلطان نور الدین زنگی تخت نشین ہوا۔ نورالدین زنگی مجاہدانہ کردار میں اپنے عظیم باپ سے کسی طور بھی کم نہ تھا۔ اسلامی تاریخ میں جرات و بہادری، زہد و تقوی اورعدل و انصاف کی وجہ سے اس کا ذکر عمر بن عبد العزیز کے بعد آنے والے مسلم حکمرانوں میں پہلے نمبر پر ہوتا ہے۔ وہ جب تک زندہ رہا، ملت اسلامیہ کے بکھرے ہوئے شیرازے کو ہر قیمت پر اور ہر قربانی دے کر متحد رکھنے کے مشن پر گامزن رہا۔

اقتدار میں آتے ہی اس نے بھی اپنے باپ کی طرح عالم اسلام میں‌ پھر سے جذبہء جہاد کی ایک نئی روح پھونکی اورعیسائیوں سے بیشتر علاقے چھینتا، انہیں ہر محاذ پر زبردست شکستیں دیتا ہوا روحا کے شہر پر دوبارہ قابض ہوگیا۔ عیسائیوں کی ان شکستوں کی خبریں پورے یورپ میں پہنچیں تو اسلام سے دشمنی اور مسلمانوں سے نفرت کی آگ میں جلتے ہوئے عیسائی پوپ یوجین سوم نے ایک بار پھر صلیبی جنگ کا اعلان کر دیا اور اس طرح دوسری صلیبی جنگ کا آغاز ہوا۔

عیسوی 1148ء میں جرمنی کے بادشاہ کونراڈ سوم اور فرانس کے حکمران لوئی ہفتم کی قیادت میں دس لاکھ مقدس جنگجوؤں پر مشتمل عیسائی فوج مسلمانوں پر حملہ آور ہونے کیلیے یورپ سے روانہ ہوئی۔ قابل ذکر ہے کہ اس بار اس مقدس صلیبی فوج میں ہزاروں کی تعداد میں وہ ” مجاہدین عورتیں” بھی شامل تھیں جن کی نصف سے زیادہ تعداد طویل سفر کے دوران اپنے ہی عیسائی مجاہدین کی جنسی ہوس اور درندگی کا شکار ہو کر زندگی کی جنگ ہار گئی۔

پہلے صلیبی لشکروں کی طرح ان عیاش فوجیوں نے بھی دوران سفر راستے میں آنے والے شہروں اور بستیوں کے پرامن باسیوں کے ساتھ ناقابل برداشت اخلاق سوز سلوک کرتے ہوئے خواتین اور کم سن بچوں تک کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا۔ فرانس کے شاہ لوئی ہفتم کی فوج کا ایک بڑا حصہ سلجوقی مسلمانوں کے ہاتھوں ‌تباہ و برباد ہوا۔ سو انطاکیہ پہنچنے تک اس دہشت گرد صلیبی لشکر کی تین چوتھائی فوج مکمل تباہ و برباد ہوچکی تھی۔ باقی ماندہ فوج کی بدقسمتی کہ انہوں نے آگے بڑھ کر دمشق کا محاصرہ کرکے از خود ایک فاش غلطی کی۔

قارئیں یہ یاد رہے کہ صلیبی یلغار کے وقت دمشق کی مسلم امارت اپنے گرد و نواح کی صلیبی ریاستوں کی حلیف اور حلب کے مجاہد زنکی حکمرانوں کی حریف تھی ۔ مگر صلیبیوں کی اس جارحانہ دراندازی پر دمشق اور حلب کی مسلم امارتوں کے مابین فرق مٹ گئے اور رقابتیں، قربتوں اور اتحاد و اخوت میں بدل گئیں۔ اس مسلم اتحاد کی خاص وجہ یہ تھی کہ اس اہم وقت تک حلب کی امارت مجاہد اسلام سلطان نور الدین زنگی کے پاس آچکی تھی۔ نور الدین زنگی کی فوجیں حلب و دمشق کی دیرینہ رقابت و مخاصمت بھلا کرشہر دمشق میں صلیبی محاصرے میں گھرے ہوئے برادر مسلم حکمران معین الدین انر کی بروقت مدد کو پہنچیں تو جنگ کا پانسہ پلٹ گیا۔سیف الدین زنگی اور نور الدین زنگی کی مشترکہ کاروائی سے صلیبی حملہ آور اپنے شیطانی عزائم میں کلی ناکام رہے اور جدید سامان حرب سے لیس ان کا عظیم الشان ٹڈی دل لشکر بری طرح پسپا ہونے پر مجبور ہو گیا۔

یہ مسلم اتحاد ہی کا کرشمہ تھا کہ شام کے چاروں طرف صلیبی ریاستوں کی بے پناہ طاقت اور مسلم ریاستوں میں موجود ننگ ملت غداروں اور ننگ وطن ضمیر فروشی کے خطرناک جال کے باوجو پورے یورپ کا مقدس صلیبی اتحاد مسلمانوں کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوا۔ اور یوں مسلم افواج نے لوئی ہفتم اور کونراڈ کے بچے کھچے زخمی لشکر کو دوبارہ یورپ کی ناپاک سرحدوں میں واپس دھکیل دیا گیا۔ چنانچہ دوسری صلیبی جنگ کا یہ پہلا مرحلہ بھی ناکام ہوا۔ اتنی بڑی مہم کی کلی ناکامی کے بعد پھر ایک طویل مدت تک یورپ کے صلیبی دہشت گردوں کو کسی بڑی مہم جوئی کی ہمت نہ ہوئی۔

پھر عالم اسلام میں وہ عظیم غلامِ محمدی شخصیت نمودار ہوئی جس کے مجاہدانہ و سرفروشانہ کارنامے آج بھی امت اسلامیہ کیلیے درس عمل اور صلیبی طاقتوں کیلیے ڈراؤنے خواب ہیں۔ یہ عظیم کردار، مرشد مجاہدین، فاتح بیت المقدس سلطان صلاح الدین ایوبی تھا ۔ یاد رہے کہ نور الدین زنگی کی موت کے ساتھ ہی شام میں طوائف الملوکی کا دور پھر سے لوٹ آیا تھا۔ جس کے باعث یہ خدشات لاحق تھے کہ خطہء عرب میں صلیبی استحکام کو واپس آنے کا ایک اور موقعہ ملنے والا ہے مگر نور الدین زنگی کے لگائے ہوئے اس صالح پودے صلاح الدین نے چند ہی برسوں میں مصر میں قائم فاطمیوں کی خلافت کا خاتمہ اور بغداد کی عباسی خلافت کا خطبہ جاری کر کے مصر کو ازسر نو سنت مصطفوی پر کھڑا کردیا۔

مصر کا خود مختار حکمران بنتے ہی اس نے اسلام کے بدترین دشمن صلیبی جارحین کے خلاف عملی جہاد کو اپنی زندگی کا نصب العین قرار دیا تھا۔ سو جلد ہی اس نے ایک ایسا مضبوط جہادی لشکر تیار کیا جس نے آنے والے برسوں میں صلیبی دہشت گرد فتنوں کو کبھی چین کی نیند نہیں سونے دیا۔ یہ بھی سلطان صلاح الدین ایوبی کا بڑا اہم کارنامہ تھا کہ اس نے ملک شام کو طوائف الملوکی سے نکال کراپنی قیادت میں از سر نو متحد کیا۔ سو یوں ایک قلیل عرصے میں شام اور مصر پھرسے ایک صالح مسلم قیادت کے زیر سایہ متحد اور توانا بن چکے تھے۔ سلطان نے جلد ہی موصل اور حلب وغیرہ کے اہم علاقے بھی فتح کر کے اسلامی سلطنت میں شامل کر لیے تھے۔

اس دوران صلیبی سردار ریجنالڈ کے ساتھ چار سالہ معاہدہ صلح ہو چکا تھا جس کی رو سے دونوں ایک دوسرے کی مدد کرنے کے پابند تھے لیکن عیسائیوں کی وعدہ شکن اور عیارانہ ازلی روایات کے عین مطابق یہ معاہدہ محض کاغذی اور رسمی ثابت ہوا۔ صلیبی حسب سابق ، بدستور اپنی اشتعال انگیزیوں اور فتن دوزیوں میں مصروف اور مسلمانوں کے قافلوں کو برابر لوٹ رہے تھے۔ 1186ء میں عیسائیوں ‌کے ایک ایسے ہی حملہ میں ریجنالڈ نے یہ ناپاک جسارت کی کہ وہ دیگر عیسائی جنگجو امرا کے ساتھ شہرِ نبوی، مدینہ منورہ پر ناپاک حملے کی غرض سے حجاز مقدس پر حملہ آور ہوا۔ صلاح الدین ایوبی نے ان کی سرگرمیوں کی روک تھام کیلیے فوری اقدامات کیے۔

نبیء آخرالزماں ص کے اس حقیقی غلام نے اس بدبخت صلیبی سردار ریجنالڈ کا فوری تعاقب کرتے ہوئے اسے حطین کے تاریخی مقام پر جا لیا۔ سلطان نے اپنے آقائے نامدار کے شہر مقدس پر حملے کی ناپاک جسارت کرنے والے صلیبی لشکر پر ایک ایسا آتش گیر مادہ پھینکوایا کہ جس سے میدان جنگ کی زمین پر چاروں طرف بھیانک آگ بھڑک اٹھی۔ اس خوفناک آتشیں ماحول اور بھڑکتے ہوئے شعلوں کے درمیان 1187ء کو حطین کے مقام پر تاریخ کی اس خوف ناک ترین جنگ کا آغاز ہوا جس کے انجام کو یاد کر کے آج بھی صلیبی حکمرانوں کے کانوں سے تپتا ہوا دھواں برامد ہوتا ہے۔ اس تاریخی جنگ کے نتیجہ میں تیس ہزار سے زیادہ عیسائی حملہ آور جہنم واصل ہوئے اور اتنے ہی قیدی بنا لیے گئے۔ بدبخت ریجنالڈ کو زندہ گرفتار کیا گیا اور پھر سلطان نے مدینۃ النبوی پر حملے کی ناپاک جسارت کرنے والے اس گستاخ صلیبی سالار کا سر اپنے ہاتھ سے قلم کیا۔

اس عظیم فتح کے بعد اسلامی افواج چاروں طرف عیسائی علاقوں پر پوری طرح چھا گئیں۔ جنگ حطین کی شاندار فتح کے فوری بعد صلاح الدین نے بیت المقدس کی طرف رخ کیا۔ سات دن کی خونریز جنگ کے بعد عیسائیوں نے ہتھیار ڈال کر سلطان سے رحم کی اپیل کی۔ اور یوں پورے اکانوے برس کے بعد قبلہ اول بیت المقدس دوبارہ مسلمانوں کے قبضہ میں آ گیا۔ بیت المقدس کی فتح مبارک سلطان صلاح الدین ایوبی کا ناقابل فراموش اورعظیم الشان کارنامہ تھا۔ میرا ایمان ہے کہ فتح بیت المقدس کے موقع پر اللہ کی طرف سے نصرت و مدد کی وجہ جنگ حطین کے خوں ریز معرکے میں شہر نبوی مدینہ منورہ کی حفاظت و حرمت کیلیے والہانہ سربکفن لڑنے والے ایوبی سلطان کا عشق مصطفائی کا جذبہء ایمانی تھا۔

صد آفرین کہ اس مرد مجاہد نے جب تک شہر نبوی مدینہ منورہ کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے صلیبی لشکر کو خاک و خون میں روند نہیں ڈالا ، تب تک یا تو وہ مرد مومن مصلے پر  اللہ کے حضور حالت سجدہ میں یا گھوڑے کی پیٹھ پر ہاتھ میں تلوار تھامے میدان جنگ میں موجود رہا۔ میرا حق الیقین ہے کہ ایک سچے عاشق رسول سلطان صلاح الدین ایوبی اور اس کے سربکف مجاہدوں نے اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر اللہ کے محبوب نبیء آخر الزماں صلی اللہ علیہ وسلم کی مقدس نگری کی حفاظت کی تو پھر قدرت  نے بھی قبلہء اول بیت المقدس کی مبارک فتح کا سہرا ان کے ماتھے پر سجا کر انہیں تاریخ میں امر کر دیا ۔

مرحبا اس مسلم مجاہد کا کردار کہ سقوط بیت المقدس کے وقت صلیبیوں کے مسلمانوں کے ساتھ ظالمانہ سلوک کے برعکس سلطان ایوبی نے عیسائیوں پر کسی قسم کی زیادتی اور ظلم نہیں کیا۔ یروشلم اور ملحقہ علاقے کے عیسائیوں کو چالیس دن کے اندر سلامتی کے ساتھ شہر سے نکل جانے کی اجازت عطا کی گئی ۔ رحمدل اور منصف ایوبی سلطان نے فدیہ کی بڑی معمولی سی رقم مقرر کی اور جو لوگ وہ بھی ادا نہ کر سکے انہیں بغیر ادائیگی ء فدیہ ہی شہر چھوڑنے کی اجازت دے دی گئی۔ بعض لوگوں کا زر فدیہ سلطان ایوبی نے اپنی طرف سے ادا کر کے انہیں آزادی دی۔ اس فتح عظیم کے بعد بیت المقدس پر تقریباً سات سو باسٹھ سال تک مسلسل مسلمانوں کا قبضہ رہا۔ تا آنکہ 1948ء میں  امریکہ ، برطانیہ اور فتنہ گر فرانس کی عالمی سازش سے مسلم دنیا کے عین وسط میں فلسطین کے علاقہ میں یہودی ریاست قائم کر دی گئی۔

شہر مقدس اور قبلہ اول بیت المقدس کا نصف حصہ یہودیوں کے قبضے میں چلا گیا۔ بعد ازاں 1967 ء کی عرب اسرائیل جنگ میں بیت المقدس کے باقی نصف حصے  پر بھی یہودیوں نے قبضہ کر لیا جو سامراجی و مغربی سرپرستی سے  ابھی تک برقرار ہے۔

فتح بیت المقدس کے حوالے سے گوروں کے کلیجے میں پلنے والے دکھ اور دل میں مسلمانوں کیلئے ازلی کدورت اور بغض کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے۔ کہ جس روز برطانوی افواج کے ہاتھوں بیت المقدس فتح ہونے کی خبر برطانیہ میں شائع کی گئی۔ اس روز وہاں کے اخبار "دی پنچ” نے امت مسلمہ کے زخموں پر نمک چھڑکنے کیلیےایک خیالی تصویر کا خاکہ شائع کیا تھا۔ خاکے میں بیت المقدس کے خون ریز معرکوں میں سلطان صلاح الدین کے ہاتھوں ہزیمت آمیز شکست کھانے والے برطانوی شہنشاہ رچرڈ شیر دل کو بڑے فخر کے ساتھ بیت المقدس پر نظریں  گاڑے، یہ کہتے ہوئے دکھایا گیا تھا کہ ” میرا وہ دیرینہ خواب آخر شرمندۂ تعبیر ہوگیا ہے "۔۔۔۔ ( جاری ہے)۔

نیل کے ساحل سے لیکر تابخاک کاشغر، عرب و عجم کا اتحاد ِعالم ِ اسلام وقت کی اشد ضرورت ہے

 فاروق درویش — واٹس ایپ ۔۔ 00923224061000


صلیبی جنگیں – حصہ چہارم

سربکف سلطان صلاح الدین ایوبی ۔ صلیبی جنگیں حصّہ چہارم

FAROOQ RASHID BUTT

نام فاروق رشید بٹ اور تخلص درویش ہے، چیف ایڈیٹر پاکستان ڈیفنس ٹائمز، کالم نگار، شاعر اور ویب سائٹس ایکسپرٹ ہیں ۔ آج کل ڈیفنس اینڈ سٹریٹجک ایشوز ریسرچ اینڈ پبلیکیشن کے شعبے سے منسلک ہیں

One Comment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button