حالات حاضرہ

کیا دنیا اسی 2021ء میں ختم ہونے والی ہے؟

نوسٹراڈیمس کی پیشن گوئیوں کے مغربی ماہرین کے مطابق اس سال 2021 میں دنیا کے اختتام کیلئے کیلیفورنیا میں ہولناک زلزلہ، زومبیز کا الہام اور عقیدوں کے اختلافات کی تین بڑی پیش گوئیاں ہیں۔ لیکن مقدس بائیبل اور قرآن و حدیث کے نظریات ماڈرن اہل یورپ سے مختلف ہیں

اس سال کے شروع ہوتے ہی امریکہ اور مغرب میں ماضی کی ایک روحانی شخصت نوسٹراڈیمس کی پیشین گوئیوں اور 2021ء میں دنیا کے خاتمہ کے بارے چشم کشا آرٹیکلز کی اشاعت عروج پر ہے۔ نوسٹراڈیمس ایک ماہر فلکیات ، معالج اور تورات ، زبور اور بائیبل کے عالم تھے۔ وہ علم نجوم اور روحانی علوم سے مستقبل کے واقعات کے بارے پیشین گوئیاں کرتے تھے ۔ انہوں نے اپنی کتاب "لیس پروفیٹیز” میں مستقبل کے بارے میں جو پیشین گوئیاں کیں ان میں سے بہت ساری عین سچ ثابت ہوئیں۔

سن 1981ء میں ان کی پیشین گوئیوں پر امریکہ میں ایک فلم ” دی مین ہو سا ٹومارو” ( وہ شخص جس نے کل دیکھا) بھی بنائی گئی۔ جبکہ 11-9 کے بارے ان کی پیشین گوئی سچ ثابت ہونے پر امریکہ سمیت پوری دنیا میں ان کی کتاب کروڑوں کی تعداد چھاپی اور بیچی گئی۔ جس میں انہوں نے صدیوں پہلے یہ لکھا تھا کہ لوہے کے دو پرندے دو بلند عمارات سے ٹکرانے کے بعد پوری دنیا کا امن تباہ ہو جائے گا۔

یہ ایک حقیقت ہے کہ نوسٹراڈیمس نے یورپ میں عالمی جنگوں ،  فرانس  کے  شاہ ہنری کے قتل ، کیمونسٹ تحریک ، ہولوکاسٹ میں یہودیوں کے قتل عام اور دہشت گردی جیسے بیسیوں واقعات کی  پیش گوئیاں  عین درست ثابت ہوئیں  تھیں۔ روس اور فرانس کے انقلابات ،  نپولین بوناپاٹ اور ہٹلر جیسی تاریخی شخصیات کے عروج و زوال سے متعلق بھی ان کی پیش گوئیاں عین سچ ثابت ہوئیں ۔ ماضی میں امریکی صدر جان ایف کینیڈی کے قتل اور حالیہ کورونا جیسی وبائی بیماری کا پھیلنا بھی ان کی پیش گوئیوں کی سچائی کی مثالیں ہیں۔

نوسٹراڈیمس کی کچھ پیشین گوئیوں کے الفاظ بڑے پوشیدہ معنی رکھنے  والے یا پراسراز راز کی طرح ہیں۔ وہ پیش گوئیاں اشاروں کی زبان میں یا روحانی اشاروں میں کی گئیں لہذا انہیں سمجھنے کیلئے ان دانش وروں کی وضاحت کی ضرورت پڑتی ہے جو علم نجوم کی زبان اور روحانی علوم کے اشاروں کے بارے علم رکھتے ہیں

نوسٹراڈیمس کی پیشن گوئیوں کی وضاحت کرنے والے ماہرین کے مطابق اس سال 2021 کیلئے یہ تین بڑی پیش گوئیاں ہیں۔

کیلیفورنیا میں ایک زبردست زلزلہ آئے گا

نوسٹراڈیمس لکھتے ہیں

چٹانوں سے بھرا ہوا پارک اور بڑی تباہی ۔ مغرب اور لومبارڈی کے ذریعے-جہاز میں آگ ، طاعون اور قید ۔عطارد برج قوس میں داخل ہو گا  اور زحل دھندلا جائے گا

اور اب ماہرین کا ترجمہ۔

علم نجوم اور روحانیت کے ماہرین نے کیلیفورنیا کو "مغرب کی سرزمین” کی ترجمانی قرار دیا ہے۔ خاص طور پر اٹلی کا وسیع حصہ لومبارڈی جو طاقتور زلزلوں کا شکار علاقہ ہے۔ یاد رہے کہ اٹلی میں ہم جنس پرست پومپیائی قوم آتش فشاں کے لاوے میں قدرتی حنوط ہو کر قوم لوط کی طرح صفحہ ہستی سے مٹ گئی تھی۔ اٹلی کے عجائب خانوں میں ان کے حنوط شدہ اجسام باقی ہیں۔ آج کل اٹلی میں آتش فشاں پہاڑوں کے پھٹنے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ نجوم کے سالانہ زائچوں کے ماہرین نے 2021 کے اس سال ایک مخصوص تاریخ 25 نومبر بھی دی ہے۔ جب سیارہ عطارد برج قوس میں پہنچے گا۔ اور زحل دھندلا جائے گا

زومبیز یا بے جان حیات کا الہام

سالانہ زائچہ کے مطابق 2021 زندہ مردہ افراد کے خوفناک عروج کا نشان لگا سکتا ہے۔ نوسٹراڈمس کی الفاظی کے تجزیہ کار جو کہتے ہیں وہ ہو رہا ہے یا ہونے والا ہے۔ ان کے مطابق روس سے شروع ہونے والا جان لیوا وائرس پوری دنیا میں پھیل جائے گا۔ یہ ایک نیا وائرس ہوگا جو غلطی سے وائرس کے سائنسدان نے بنایا ہو گا۔ زومبی یعنی بے جان زندگیوں سے مراد شاید دنیا میں بنی نوع انسان  کی تکالیف پر خاموش رہنے والے طبقات کی طرف اشارہ ہے۔اس بات کی واضح علامات موجود ہیں کہ آج دنیا میں موجودہ کورونا وبائی بحران میں یہ پیش گوئی سچ ہوچکی ہے۔

نوسٹراڈیمس کہتے ہیں 

کچھ نئی پیدائشیں: نصف مردہ کے ساتھ شروع ہونا۔ اس کے باوجود موت دوسروں کو چمکائے گی۔ اور ایک اعلی مقام پر بڑی برائیاں آئیں گی۔باپ اور ماؤں لاتعداد غموں سے مر گئے-خواتین سوگ میں ۔بیماری ان کو عفریت بناتی  ہے۔ حکمران نہیں رہے گا۔ پوری دنیا کو ختم ہونا چاہئے

کیا زومبی ہماری زمین پر غلبہ حاصل کریں گے ؟ لیکن نوسٹراڈیمس نے اپنی پیشگوئیوں میں ہمارے پاس  سوچنے   اور پڑھنے کیلئے بہت کچھ ہے

عقیدوں کے اختلافات

دوسرے مذاہب و عقائد سے اختلاف یا تنازعہ ایک انتہائی حساس لیکن فطری معاملہ ہے۔ لیکن اس سلسلے میں ، ہم نوسٹراڈمس کی پیش گوئوں کو نظرانداز یا تبدیل نہیں کرسکتے ہیں۔ وہ مختلف طبقات کے درمیان عقیدے کی تقسیم اور مذاہب کے مابین تصادم کے بارے میں بات کرتا ہے جو اس دور یا اس سال وقوع پذیر ہوگا۔

چونکہ اسلامی اور عیسائی عقائد کے مابین نسلی اور نظریاتی جدوجہد اور امتیاز پایا جاتا ہے۔ اس حوالے سے نہ ہی دنیا اور نہ ہی ماہرین کو ان پیش گوئوں پر اتنا مضبوط یقین تھا۔ لیکن اس طرح کے اختلافات فرانس اور مغرب کے دیگر حصوں میں بہت واضح طور پر ابھر رہے ہیں۔

مذاہب کے تیسرے تصادم کی پیش گوئی انتہائی  بھیانک ہے۔ عالمی امن کیلئے، تمام انبیاء کرام سے محبت کرنے والے مسلمانوں کو عیسائیت کا احترام اور جواب میں  عیسائیوں کو دوسرے تمام مذاہب کا احترام کرنا ہو گا

نوسٹراڈیمس   کی کون سی پیشین گوئیاں سچی ہونے والی ہیں؟ یہ تو اللہ ہی سب سے بہتر جانتا ہے کہ اس دنیا میں آگے کیا ہونے والا ہے ۔ لیکن مسلم عقیدے   میں قرآن حکیم اور   احادیث نبوی  سے  وابستہ  اسلامی نظریات کے مطابق ابھی سیدنا   امام  مہدی علیہ السلام  کا ظہور اور سیدنا عیسیٰ علیہ السلام کا نزول ثانی باقی ہے۔   جبکہ    عیسائی عقیدے کے مطابق بھی   دنیا کے اختتام سے قبل کرائسٹ بمقابلہ انٹی کرائسٹ کی  اسی آخری  جنگ کا ہونا  ابھی باقی ہے۔

اس آخری جنگ میں مسلمانوں کے عقیدے کے مطابق  سیدنا  مسیح  علیہ السلام اور امام مہدی  علیہ السلام کی  فوج  یہودیوں کے دجال  کو شکست دے گی ۔ اور سیدنا مسیح علیہ السلام اسرائیل کے شہر لد کے مقام  پر    دجال    کو قتل   اور  خنزیر کو ہلاک کرنے کے بعد صلیب کو توڑیں گے۔ جبکہ اس  آخری جنگ  کو عیسائی  وار آف کرائسٹ ورسز انٹی کرائسٹ  یعنی  مسیح بمقابلہ دجال کہتے ہیں ۔  عیسائی یا اسلام دونوں عقائد کے مطابق سیدنا مسیح کا مخالف یہودیوں کا  دجال ہو گا۔        بحرحال نوسٹرا ڈیمس کی پیشین گوئیوں  پر اندھا یقین رکھنے والے یورپ کو  یاد رکھنا چاہئے کہ  صرف اسلام  ہی نہیں  عیسائیت اور یہودیت کی مقدس کتابوں اور مذہبی عقائد کے مطابق بھی  ، دنیا کا خاتمہ نوسٹراڈیمس  کی پیشگوئیوں جیسا ہولناک نہیں بلکہ   اس سے بھی کہیں  زیادہ بھیانک ہوگا۔

فاروق درویش


سید نعمت شاہ ولی اور نوسٹرا ڈیمس کی پیشین گوئیوں کے بارے میرا یہ کالم بھی پڑھیں

نعمت شاہ ولی اور نوسٹرا ڈیمس کی پیشین گوئیاں ۔ آخری عالمی جنگ


مذہب اور انٹی مذہب تہذیبوں کے ٹکراؤ کے بارے میرا یہ کالم بھی پڑھیں

مذہب اور چارلی ایبڈو برانڈ تہذیبوں کا ٹکراؤ ۔۔ تیسری عالمی جنگ ؟

 

FAROOQ RASHID BUTT

نام فاروق رشید بٹ اور تخلص درویش ہے، چیف ایڈیٹر پاکستان ڈیفنس ٹائمز، کالم نگار، شاعر اور ویب سائٹس ایکسپرٹ ہیں ۔ آج کل ڈیفنس اینڈ سٹریٹجک ایشوز ریسرچ اینڈ پبلیکیشن کے شعبے سے منسلک ہیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button