بین الاقوامیتاریخِ عالم و اسلام

صلیبی جنگیں اور تاریخ سیاہ ست ۔ حصہ اوّل

عالم اسلام کے اتحاد کے داعی ان اہل ایمان راہبروں کی سیرت و غیرت سے اقوام عالم میں مرتبہء ملت اسلامیہ بلند و بالا تھا

احباب گرامی تاریخ  اسلام کے حوالے سے میرے اس  تحریری سلسلے کا مقصد اہل  وطن اور خصوصاً شخصیت پرستی میں غرق نئی نسل کو اپنی عظیم الشان اسلامی تاریخ کے ان لازوال  و روشن کرداروں کی ایمان افروز جدوجہد کا بھولا ہوا سبق یاد دلانا  ہے، جو دہشت گرد یا شدت پسند نہیں تھے لیکن ان  کی طاقت ایمانی کی ہیبت سے دنیائے کفر و باطل اورعالم صلیب و دہر لرزاں تھے۔ عالم اسلام کے اتحاد کے داعی اہل ایمان غلامان مصطفوی راہبروں کی سیرت و غیرت سے اقوام عالم میں ناموس و مرتبہء ملت اسلامیہ بلند و بالا تھا۔ موجودہ دور میں روشن خیالی اور امن پسندی کے نام پرایک سوچی سمجھی صلیبی سازش کے تحت مجاہدین ملت سلطان صلاح الدین ایوبی،  ٹیپو سلطان اور حکیم الامت علامہ اقبال کے بارے مضامین تعلیمی نصاب سے خارج کر کے باچا خان جیسے کرداروں کو قومی ہیرو قرار دینے والے مضامین شامل کیے جا رہے ہیں۔

مقصد نئی نسل کو تحریک آزادی کے حقائق و واقعات سے لاعلم اور اپنے ملی و قومی ہیروز کی جہدوجہد آزادی اور جذبہ جہاد وحب الوطنی سے سے دور رکھنا ہے۔ سامراج اور صلیبی  بادشاہ  گروں کے احکامات کے تابع حکمرانوں کا انداز غلامی و جی حضوری یہی رہا تو قومی امکان ہے کہ مستقبل کی نصابی کتب میں قائداعظم اور علامہ اقبال کی جگہ الطاف حسین اور ملالہ یوسف زئی کے حالات زندگی اور البیرونی اورعمر خیام کے علمی کارناموں کی بجائے مادھوری ڈکشٹ کے ہوش ربا رقص، شاہ رخ خان کی اداکاری اور میرا جی کے فنون بوس و کنار پر بھی مضامین پڑھنے کو ملیں گے۔

ارض فلسطین اور بیت المقدس سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کے زمانہء خلافت میں فتح ہوا۔ جس کے بعد پانچ سو برس سے زیادہ عرصہ تک یہ مقدس سر زمین مسلمانوں کے قبضہء حکومت میں رہی۔ یاد رہے کہ اس دور کے مسلمان حکمرانوں کے دل اور ضمیر قبضہء فرنگ میں نہیں تھے۔ ان کا تکیہ و ایمان کائنات کی حقیقی مقتدر اعلی ذات الہی پر اور جانان واموال رضائے قدرت پر قربان ہونے کیلیے ہمہ وقت تیار تھے۔ وہ اپنے خالق حقیقی کے کلی تابعدار، نبیء آخرالزماں ص کے وفادار، دین برحق کے جانثار اور ملک و ملت کے حقیقی غمخوار تھے۔

وہ اہل ایمان اکابرینِ ریاست حقوق اللہ اور حقوق العباد سے ہر حال باخبر اورخدمت خلق، رموز سیاست، عنان ریاست اور فنون حرب سے مکمل آشنا تھے۔ لہذا عیسائیوں کو اس زمانہ دراز تک اس خطہء مقدس پرمسلم قبضے کے خلاف سر کیا آواز تک اٹھانے کی جرات نہ ہوئی۔ لیکن گیارھویں صدی کے آخر میں سلجوقی سلطنت کے زوال کے آغاز میں خطہء ترک و عرب میں پھیلی خانہ جنگی اور طوائف الملوکی سے مسلم امت کو ایک پرچم تلے اکٹھا کرنے والی آخری قوت کا بھی خاتمہ ہونے لگا تو اسلام دشمنی سے بھرے اہلیان یورپ نے اسے موقع غنیمت جانتے ہوئے بیت المقدس کو مسلمانوں سے واپس لینے کی دیرینہ صلیبی خواہش کو عملی جامہ پہنانے کا آغاز کیا۔

زمانہء خلافت راشدہ و ما بعد کی پے در پے شکستوں کے بعد مذہبی جنگی جنون میں مبتلا عیسائیوں نے گیارویں صدی آخر سے لیکر تیرھویں صدی آخر تک خطہء عرب، ارض فلسطین اور بالخصوص بیت المقدس پر عیسائی قبضہ بحال کرانے کیلیے یورپ  نے مسلمانوں کے خلاف جو جنگیں لڑیں انہیں تاریخ عالم میں “صلیبی جنگوں“ کے نام سے موسوم کیا جاتا ہے۔ امت اسلامیہ کو بنیاد پرست کہنے والے  عیسائیوں نے فلسطین اور شام کی حدود میں یہ تمام صلیبی جنگیں اپنی مذہبی بنیاد ” صلیب” کے نام پر لڑ کر ازخود اپنے بنیاد پرست ہونے کا عملی ثبوت فراہم کیا ۔ اور پھیر صلیبی جنگوں کا یہ سلسلہ  ایک طویل خوں ناک عرصہ تک جاری رہا۔

ہر جنگ میں ہزیمت آمیز شکست کے بعد انتقام کی آگ میں جھلسے ہوئے مغرب نے ایک سو ستر برس کے دوران نو بار مذہب اور مقدس صلیبی جہاد کے نام پر ملت اسلامیہ  کیخلاف طبل جنگ بجایا۔ مگر ہر بار شرمناک شکست ان کا مقدر اور دیار عرب میں مقدس عیسائی سپاہوں  کے قبرستان ان کا انجام  رہے ۔ عیسائیت کی مذہبی بالادستی، مسلمانوں سے تعصب اور دیرینہ سلگتے ہوئے انتقام کی بنیاد پر لڑی گئیں ان صلیبی جنگوں میں انتہائے تنگ نظری ، مذہبی و نسلی تعصب ، کھلی بدعہدی ، انسانیت سوز بداخلاقی اور درندہ صفت سفاکی کا جو مظاہرہ، امن کے نام نہاد علمبردار مغرب کے ان جنگی جنونی عیسائیوں نے کیا وہ امن اورانسانی حقوق کے ٹھیکیداروں کی پیشانی پر ایسا شرمناک و بدنما داغ ہے جس کا  مرثیہ عالمی نقاد ہی نہیں خود یورپی مورخین بھی پڑھتے ہیں۔

صلیبی جنگوں کی شروعات اوران کے مذہبی و سیاسی اسباب کا غیر جانبدارانہ جائزہ لیں تو پتہ چلتا ہے کہ مغرب کے عیسائیت نے  ہر فتنے کو پروان چڑھانے کیلئے  خود ساختہ ڈراموں کا سہارا لیا ہے۔  ان جنگوں کی شروعات کیلئے ماحول کو گرمانے کیلئے پورے یورپ میں ایک افواہ پھیلا دی گئی کہ حضرت عیسی علیہ السلام دنیا میں دوبارہ نزول فرما کر عیسائیوں کے سب مصائب کا خاتمہ فرمائیں گے لیکن ان کا نزول اسی وقت ہوگا جب یروشلم کا مقدس شہر اور بیت المقدس مسلمانوں کے "غاصبانہ قبضہ ” سے آزاد کرا لیا جائے گا۔ اور یوں کلیسا کے پادریوں کی طرف سے اس من گھڑت  عقیدے کی جنونی تشہیر نے پوری دنیا کے عیسائیوں کے مذہبی جوش اور جنگی جنون میں بے پناہ اضافہ کر دیا۔

اس کے ساتھ ہی  پادریوں نے یہ خود ساختہ نظریہ بھی عام کر دیا کہ اگر کوئی چور اچکا، بدمعاش اور بدکردار شخص بھی بیت المقدس کی زیارت کر آئے گا تو وہ بھی جنت کا عین مستحق ہوگا۔ لہذا اس ابلیسی عقیدے کی بنا پر بڑے بڑے بدکردار لوگ بھی مقدس زائر بن کر بیت المقدس آنا شروع ہوگئے۔ شہر مقدس میں داخل ہوتے وقت وہ شراب مے نشہ میں بدمست، بین باجوں کی دھنوں پر والہانہ رقص اور شوروغل کرتے ہوئے اپنی طاقت و برتری کا اظہار کرتے تھے ۔ ان عیسائی زائرین کی ان نازیبا حرکات، سیاہ کاریوں ، بدنظمی اور امن سوز سرگرمیوں کی وجہ سے شہر کی مسلمان انتظامیہ کی طرف سے ان پر کچھ اخلاقی حدود اور پابندیاں لگا دی گئیں۔ لیکن ان فتنہ گر زائرین نے واپس جا کر اسے مسلمانوں کے ظلم اور زیادتیوں کے من گھڑت افسانوں کی صورت میں نشر کر کے مسلمانوں کیخلاف نفرت انگیز ماحول پیدا کرنے اور عیسائیوں کے مذہبی جذبات کو بھڑکانے میں منفی کردار ادا کیا۔

قارئین یاد رہے کہ مغربی نقادوں کے مطابق بھی، اس وقت دنیا بھر کے عیسائی نظریاتی اور مسلکی اعتبار سے دو حصوں میں تقسیم ہو چکے تھے۔ پوپائے روم کے مغربی کلیسا کے زیر اثر پہلے حصے کا مرکز روم تھا۔ جبکہ مشرقی یا یونانی کلیسا کہلانے والے دوسرے حصے کا مرکز موجودہ ترکی کے شہر قسطنطنیہ میں واقع تھا۔ دونوں مکاتب فکر کے چرچ کے ماننے والے عیسائی، آج کے مسلمان مسالک دین کے پیروکاروں کی طرح ایک دوسرے کے زبردست مخالف تھے۔ پوپائے روم مغرب کے ساتھ مشرقی کلیسا کی سربراہی بھی حاصل کر کے ساری عیسائی دنیا کا واحد و مشترکہ روحانی پیشوا بننے کے خواب دیکھ رہا تھا۔

اہل اسلام کو بنیاد پرست، مذہبی جنونی اور جہادی شدت پسند جیسے خودساختہ نام دینے والے اہل مغرب اوراسلامی جہاد و شہادت کے حوالے سے جنت اور حوروں کی نسبت سے فحش و شرمناک کہانیاں لکھنے والے سیکولرز ، لبرل فاشسٹ حضرات کیلئے صیبی جنگوں کی شروعات کی تاریخ ایک زور دار طمانچے سے کم نہیں۔ امت مسلمہ پر شدت پسندی اور مذہبی جنیویت کا الزام لگانے والے کیونکر جھٹلا سکتے ہیں کہ وہ عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپائے روم ہی تھے جنہوں  نے اپنی فطری اسلام دشمنی کے علاوہ اپنے مذموم مذہبی و سیاسی عزائم کو پورا کرنے کیلیے مذہبی جنونیت اور شدت پسندی میں ڈوبا یہ شدت پسندانہ اعلان کیا تھا کہ ساری دنیا کے عیسائی شہر اب یروشلم اور بیت المقدس کو مسلمانوں کے غاصبانہ قبضے سے آزاد کروانے کیلیے تیر و تلوار لیکر اٹھ کھڑے ہوں۔

اہل یورپ اور ان کے سیکولر و روشن خیال حواریوں کو یاد رہے کہ یہ  جہاد کے شہیدوں اور مقام بہشت کو تمسخرانہ کلمات کا نشانہ بنانے والے عیسائیوں کے چیف پاردی کا ہی آتش فشانی فتوی تھا کہ جو عیسائی اس  جنگ میں مارا جائے گا، اس کے سب گناہ دھل جائیں گے اور وہ جنت کا عین حقدار ہوگا۔ جنگ میں جیتے ہوئے مال غنیمت کو مسلم لوٹ مار قرار دینے والے سیکولر و فاشسٹ حضرات، پوپائے روم کے یہ الفاظ تاریخ سے کیسے مٹا پائیں گے کہ عیسائیت کی فتح کے بعد مسلمانوں سے جو مال و زر حاصل ہوگا وہ ان میں برابر تقسیم کر دیا جائے گا۔ مذہبی اکابرین کے ان جنگی فتووں کے بعد عیسائی دنیا مسلمانوں کے خلاف دیوانہ وار اٹھ کھڑی ہوئی۔ تاریخ کا سچ یہی ہے کہ صلیبی جنگوں کا اصل محرک مغربی یورپ کے کلیسا کا سربراہ پوپ اربن ثانی ایک مذہبی جنونی، شدت پسند، جاہ پرست اور جنگ باز فطرت رکھنے والا مذہبی رہنما تھا۔

جب یورپ کے حکمرانوں میں اس کا وقار کم ہونا شروع ہوا تو اس عیار و مکار شخص نے اپنی ساکھ بحال کرنے اور پوری عیسائیت کی مذہبی گدی کے حصول کیلیے عیسائیوں میں مذہبی جنگی جنون پھیلانا شروع کر دیا۔ دراصل وہ بھی امرکی صدر بش و اوبامہ کی طرح جنگ و جدل سےعیسائیوں کی بالادستی اور مسلمانوں کو تقسیم کر کے ان کی شکست و ریخت کا قائل تھا۔ تاریخ عالم ثابت کرتی ہے کہ ملت اسلامیہ کیخلاف نفرت پھیلا کر پوری عیسائی دنیا کو مذہبی جنگوں کی آگ میں جھونک دینے والا عیسائیوں کا مذہبی پیشوا پوپائے روم ہی دراصل مغرب کی اسلام دشمنی، مذہبی شدت پسندانہ رویوں کا اصل بانی و محرک  تھا۔

قابل توجہ ہے کہ نہ تو اس وقت مسلمانوں نے کسی عیسائی ریاست پر حملہ کیا تھا اور نہ ہی دور جدید میں کسی مسلمان ملک نے کسی امریکی یا مغربی ریاست کیخلاف جارحانہ کاروائی کی ہے۔ صلیبی جنگوں کے دور میں بھی مغرب کے عیسائیوں کے مقدس لشکر ہزاروں میل دور مسلمان ریاستوں اور مقامات مقدسہ پر حملہ آور ہو کر حقیقی شدت پسند اور مذہبی دہشت گرد ثابت ہوئے اور آج بھی امریکہ اور اس کے مغربی اتحادی ہزاروں میل دور سے درانداذ ہو کر اسلامی ریاستوں پر غاصبانہ قبضہ جمائے بیٹھے، عالم اسلام سے ازلی دشمنی نباہ کر اپنے  آبا و اجداد کی مذہبی و جنگی تقلید میں ازخود عیسائیوں کو دنیا کے  دہشت گرد  ثابت کر رہے ہیں۔

پر امن عالم اسلام کے دفاعی و جہادی نظریات پر دجالی تنقید کرنے والے اس وقت کے پرامن مسلمانوں کیخلاف پوپائے روم پوپ اربن دوئم کے اس مقدس” اعلان جہاد ” کو بھی یاد رکھیں۔ جس کے بعد یکے بعد دیگرے چار عظیم الشان مغربی عیسائیوں کے ہیبت ناک لشکر بیت المقدس کی فتح کا عزم لیے روانہ ہوئے ( جاری ہے) ۔

    اگلی قسط کیلئے کلک کیجئے 

تحریر۔ فاروق درویش ۔ واٹس ایپ 00923324061000


سقوطِ بیت المقدس ۔ صلیبی جنگیں حصٓہ دوئم

سقوطِ بیت المقدس ۔ صلیبی جنگیں حصّہ دوئم

FAROOQ RASHID BUTT

نام فاروق رشید بٹ اور تخلص درویش ہے، چیف ایڈیٹر پاکستان ڈیفنس ٹائمز، کالم نگار، شاعر اور ویب سائٹس ایکسپرٹ ہیں ۔ آج کل ڈیفنس اینڈ سٹریٹجک ایشوز ریسرچ اینڈ پبلیکیشن کے شعبے سے منسلک ہیں

2 Comments

  1. بہت خوبصورتی سے تاریخ کو ایک تحریر میں سمویا ہے – یہ نام ، یہ شخصیتیں اب کہاں ذہنوں میں باقی رہ گئیں؟ باطل بہت سرگرداں ہے اور ہم غفلت کی قبروں دفن پڑے ہیں- پتہ نہیں یہ مردہ دل، مردہ ضمیر اور بےحس غلام قوم کب جاگے گی؟

    1. برادر عظیم جاوید ہمیں بحرحال اپنے حصے کا فرض اور امت کا قرض ادا کرنا ہے۔ اللہ سبحان تعالیٰ مردہ دلوں کو زندہ کرنے والا مقتدر اعلی ہہے۔ سدا خوش آباد و خوش مراد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button